ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دہلی: ’ریلوے انتظامیہ مسجدوں کو منہدم کرنے کے لیے جاری نوٹس پر کارروائی نہ کرے‘، دہلی ہائی کورٹ کا حکم

دہلی: ’ریلوے انتظامیہ مسجدوں کو منہدم کرنے کے لیے جاری نوٹس پر کارروائی نہ کرے‘، دہلی ہائی کورٹ کا حکم

Thu, 27 Jul 2023 11:36:32    S.O. News Service

نئی دہلی، 27/جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی) دہلی میں کچھ مساجد کو مبینہ طور پر ناجائز قبضہ بتاتے ہوئے ریلوے انتظامیہ نے منہدم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کارروائی کے خلاف دہلی ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی گئی ہے جس پر بدھ کے روز سماعت کرتے ہوئے عدالت نے ریلوے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ اپنی زمین سے ناجائز ڈھانچوں اور تجاوزات کو ہٹانے کی کوششوں کے تحت دو مساجد پر چپکائے گئے نوٹس پر کوئی کارروائی نہ کرے۔

جسٹس پرتیک جالان نے دہلی وقف بورڈ کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے یہ حکم صادر کیا ہے۔ عرضی میں ریلوے برج اور بابر روڈ ریلوے لائن کے پاس واقع مسجد تکیہ ببر شاہ اور بنگالی مارکیٹ مسجد کی دیواروں پر چپکائے گئے دو نوٹس کو چیلنج پیش کیا گیا تھا۔ بورڈ نے دلیل دی ہے کہ دونوں مساجد وقف کی ملکیتیں ہیں۔ یعنی نہ تو ان کے نیچے کی زمین ریلوے کی ہے اور نہ مسجدیں ناجائز ڈھانچے ہیں۔ اس کے بعد جج نے حکم دیا کہ فی الحال ان نوٹس کی بنیاد پر کوئی کارروائی نہ کی جائے۔

وقف بورڈ کی عرضی میں کہا گیا ہے کہ متنازعہ نوٹس جس پر کوئی دستخط اور تاریخ نہیں تھی، انھیں براہ راست نہیں بھیجا گیا تھا۔ نوٹس سے ایسا لگتا ہے کہ انتظامیہ (ریلوے) بدنیتی، منمانے اور بغیر کسی جائز سبب کو بنیاد بنا کر مسجدوں کو منہدم کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ عرضی میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ چونکہ نوٹس میں مخصوص تاریخ اور دستخط موجود نہیں ہے اور بورڈ کے دفتر میں بھیجے جانے کی جگہ مسجدوں پر چپکا دیا گیا تھا، اس لیے ایسا اندیشہ ہے کہ ریلوے عدالت کے ذریعہ ہدایت دیے جانے تک بغیر کسی روک ٹوک کے انہدامی کارروائی کو آگے بڑھا سکتا ہے۔


Share: